بھارتی شہریوں کو متحدہ عرب امارات کی ‘ویزہ آن ارائیول’ سہولت مل گئی

فائدہ اٹھانے کیلئے مسافر کا پاسپورٹ امارات میں داخلے کے وقت کم از کم 6 ماہ تک کارآمد ہونا لازمی قرار


دبئی(قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات کی حکومت نے بھارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزہ آن ارائیول یعنی ایئرپورٹ پہنچنے پر ویزے کے حصول کی سہولت فراہم کر رکھی ہے، تاہم یہ سہولت تمام بھارتی شہریوں کے لیے نہیں بلکہ مخصوص سفری دستاویزات کے ساتھ مشروط ہے، اماراتی حکومت نے اس پروگرام کو دو مختلف کیٹیگریز 14 دن اور 60 دن میں تقسیم کیا ہے، ویزہ آن ارائیول کی کسی بھی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مسافر کا پاسپورٹ امارات میں داخلے کے وقت کم از کم 6 ماہ تک کارآمد ہونا لازمی ہے۔
خلیجی میڈیا کے مطابق 14 روزہ ویزہ آن ارائیول ان بھارتی شہریوں کو مل سکتا ہے جن کے پاس عام پاسپورٹ کے ساتھ امریکہ، برطانیہ یا یورپی یونین کا کم از کم 6 ماہ کے لیے کارآمد ویزہ یا رہائشی اجازت نامہ موجود ہو، یو اے ای حکومت نے اس پالیسی کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے، جس کے بعد اب آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان، نیوزی لینڈ، سنگاپور اور جنوبی کوریا کا ویلڈ ویزہ یا اقامہ رکھنے والے بھارتی شہری بھی اس 14 روزہ ویزے کے اہل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ اس ویزہ کی سرکاری فیس 100 اماراتی درہم تقریباً 2 ہزار 300 بھارتی روپے یا 27 امریکی ڈالر ہے، یہ ‘سنگل اینٹری’ ویزہ ہوتا ہے جو 14 دنوں کے لیے کارآمد ہے، ضرورت پڑنے پر اس میں صرف ایک بار مزید 14 دنوں کی توسیع کرائی جا سکتی ہے، جس کی فیس 250 درہم ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ دبئی میں طویل قیام کے خواہشمند ایسے بھارتی شہری جن کے پاس امریکہ کا گرین کارڈ یا برطانیہ، یورپی یونین، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان، نیوزی لینڈ، سنگاپور اور جنوبی کوریا میں سے کسی بھی ملک کا باقاعدہ ‘رہائشی پرمٹ’ موجود ہو، وہ ایئرپورٹ پہنچنے پر 60 دنوں کا ٹورسٹ ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔
مزید یہ کہ 60 دنوں کے اس ویزہ آن ارائیول کی فیس 250 اماراتی درہم تقریباً 5 ہزار 700 بھارتی روپے یا 68 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، یہ بھی ایک ‘سنگل اینٹری’ ویزہ ہے جس پر یو اے ای میں 60 دن تک قیام کیا جا سکتا ہے، اس 60 روزہ ویزے میں مزید کسی قسم کی توسیع کی گنجائش نہیں ہوتی۔
بتایا جارہا ہے کہ ایسے بھارتی شہری جن کے پاس خلیجی ممالک مثلاً سعودی عرب، قطر، بحرین، کویت یا عمان کے عام رہائشی ویزے یعنی اقامے ہیں، وہ ایئرپورٹ پہنچنے پر ویزہ حاصل کرنے کے اہل نہیں ہیں، انہیں متحدہ عرب امارات کے سفر سے قبل آن لائن ‘ای ویزہ’ کے لیے لازمی طور پر درخواست دینا ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert