متحدہ عرب امارات میں جولائی کیلئے پٹرولیم قیمتوں کا اعلان

مسلسل 4 ماہ اضافے کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی، نئے نرخوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا


ابوظہبی(قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات کی فیول پرائس کمیٹی نے جولائی 2026ء کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت مسلسل چار مہینوں سے جاری قیمتوں میں اضافے کے سلسلے کو بریک لگ گئی اور صارفین کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے، نئے نرخوں کا اطلاق یکم جولائی 2026ء سے ہوگا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق یو اے ای میں جولائی کے لیے ایندھن کی نئی اور پرانی قیمتوں کا موازنہ کیا جائے تو سپر 98 پٹرول کی جولائی میں نئی قیمت 3.40 درہم فی لٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ جون میں یہ 3.95 درہم کا تھا یعنی نئی قیمت میں 55 فلس فی لٹر کی کمی ہوئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اسپیشل 95 پٹرول کی جولائی کے لیے قیمت 3.29 درہم فی لیٹر ہوگی، جو جون میں 3.83 درہم تھی، یعنی اس کی قیمت میں 54 فلس فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے، ای پلس 91 پٹرول کی نئی قیمت 3.21 درہم فی لیٹر مقرر ہوئی ہے، پچھلے مہینے یہ 3.76 درہم کا تھا، یوں جولائی میں 55 فلس فی لٹر کی کم قیمت پر ملے گا، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں سب سے بڑی کٹوتی کی گئی ہے اور یہ جون کے 4.33 درہم کے مقابلے میں کم ہو کر اب 3.60 درہم فی لیٹر میں دستیاب ہوگا، جو جون سے 73 فلس فی لیٹر کم ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ جون کے مہینے کے دوران عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں مندی کا رجحان رہا، جس کی وجہ سے یہ قوی امکانات تھے کہ جولائی میں مقامی سطح پر بھی قیمتیں کم کی جائیں گی، متحدہ عرب امارات نے 28 اپریل کو اوپیک اور اوپیک پلس سے 6 دہائیوں پرانا ناطہ توڑتے ہوئے یکم مئی 2026ء سے تنظیم سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا، اوپیک کی پابندیوں سے آزاد ہونے کے بعد یو اے ای اب اپنی تیل کی پیداوار میں 30 فیصد تک اضافہ کرسکتا ہے، جس سے آنے والے دنوں میں سپلائی مزید بہتر ہوگی۔
بتایا جارہا ہے کہ 28 فروری 2026ء کو مشرقِ وسطیٰ میں جنگ چھڑنے کے بعد سے یو اے ای میں ایندھن کی ریٹیل قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا تھا اور یہ دیکھتے ہی دیکھتے 60 فیصد سے زیادہ بڑھ گئی تھیں، امارات میں پٹرول کی قیمتوں میں ماہانہ اتار چڑھاؤ براہِ راست گھریلو بجٹ پر اثر انداز ہوتا ہے کیونکہ یہ ہر خاندان کا لازمی خرچہ ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اس نمایاں کمی سے ناصرف عام گاڑی مالکان بلکہ ٹرانسپورٹ اور گڈز سیکٹر کو بھی ریلیف ملے گا۔

WhatsApp
Get Alert