لاہور میں ٹیوشن اکیڈمی گرنے کے بعد قیامت خیز مناظر، ایک ہی گھر کے 3 بہن بھائی جاں بحق

لاہور (قدرت روزنامہ) لاہور میں ٹیوشن اکیڈمی گرنے کے بعد قیامت خیز مناظر، ایک ہی گھر کے 3 بہن بھائی جاں بحق، تعلیم کے حصول کیلئے اکیڈمی جانے والے بچے زندہ گھر واپس نہ آئے، میتیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ بچوں کی میتیں گھر پہنچنے پر غم سے نڈھال ماں ہوش کھو بیٹھی۔ جبکہ رشتے داروں کے مطابق متاثرہ خاتون کے 5 بچے ہیں جن میں سے 4 بچے ٹیوشن پڑھنے گئے تھے۔
3 بچے حادثے کے فوری بعد جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک بچہ شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں 14 بچے جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حادثے کے وقت بچے ٹیوشن پڑھنے آئے تھے چھت گرنے سے بچےملبے تلے دب گئے جسکے بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اوراسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تاہم افسوسناک حادثے میں 14 بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ 5 بچے اور ایک خاتون ٹیچر زخمی ہوئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے کنٹریکٹر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو اور پولیس ٹیموں نے امدادی کارروائیاں مکمل کر کے ملبے تلے دبے بچوں کو نکالا، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ جبکہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن پڑھنے کے دوران چھت گرنے کے افسوسناک واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئےحادثے کے ذمہ داروں کے تعین کرنے کے احکامات بھی دیئے ہیں اُنہوں نے صوبائی وزراء کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت بھی جاری کی ہیں۔
