حکومت کی سود سے پاک مالیاتی نظام کے لیے جامع حکمتِ عملی جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت نے پاکستان میں سود سے پاک مالیاتی نظام کے نفاذ کے لیے جامع حکمتِ عملی جاری کر دی، جس کے تحت نئے نظام کی جانب منتقلی مرحلہ وار کی جائے گی تاکہ مالیاتی استحکام برقرار رہے اور معیشت پر منفی اثرات نہ پڑیں۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ “2027 کے بعد پاکستان کے مالیاتی نظام سے متعلق حکمتِ عملی” کے مطابق سود سے پاک مالیاتی نظام کا نفاذ وفاقی شرعی عدالت کے 2022 کے فیصلے اور آئینی تقاضوں کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق روایتی بینکوں کو اسلامی مالیاتی نظام سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تربیتی پروگرام شروع کیے جا چکے ہیں، جبکہ اسٹیٹ بینک کی زری پالیسی بھی 2027 کے بعد شریعت کے مطابق تشکیل دی جائے گی۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سرکاری قرضوں کو شرعی مالیاتی ذرائع میں منتقل کرنا بڑا چیلنج ہوگا، جبکہ سکوک کے اجرا، اثاثہ رجسٹری کمپنی کے قیام اور وفاقی و صوبائی قوانین میں ضروری ترامیم بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔
