برطانوی پارلیمنٹ میں فضا علی کو سماجی خدمات پر خصوصی اعزاز سے نواز دیا گیا

برطانیہ (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ، میزبان اور گلوکارہ فضا علی کو خواتین کے حقوق کے فروغ اور سماجی مسائل پر مؤثر آواز بلند کرنے کے اعتراف میں برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔
اعزازی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ شرکا نے فضا علی کی سماجی خدمات، خواتین کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے اور معاشرتی شعور بیدار کرنے کے لیے انکی کاوشوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
اعزاز وصول کرنے کےبعد فضاعلی نےاپنےخیالات کا اظہارکرتےہوئےکہا کہ یہ اعزاز صرف ان کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ ہراس خاتون کے لیے حوصلہ افزا پیغام ہےجو اپنے حقوق، بااختیارمستقبل اورمعاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
انہوں نے اس اعزاز کو پاکستان کی خواتین کے نام کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ آئندہ بھی سماجی مسائل اور خواتین کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہیں گی۔
