توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے نکاح کی خبروں پر وضاحت جاری کردی

ہمیں پتہ بھی نہیں اور ہماری شادی ہوگئی، یوٹیوبرز کم از کم 50 ہزار روپے سلامی تو بھیجیں؛ اداکاراؤں کا ویڈیو پیغام


اسلام آباد:پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اور انتہائی باصلاحیت میزبان و اداکار توثیق حیدر اور نامور اداکارہ و میزبان فرح سعدیہ نے سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کے حوالے سے تیزی سے پھیلنے والی خبروں پر بالآخر خاموشی توڑ دی، دونوں فنکاروں نے ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ان افواہوں کی اصل حقیقت مداحوں کے سامنے رکھی اور ایسی خبریں پھیلانے والے یوٹیوبرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق فرح سعدیہ اور توثیق حیدر نے ویڈیو میں انتہائی مزاحیہ اور طنزیہ انداز اپنایا، انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ “ہاں، تو ہم خوشی خوشی شادی کر چکے ہیں! ہم خود یہ خوشخبری آپ تک پہنچانا چاہتے تھے، لیکن بدقسمتی سے ہمارے پیشہ ور اور نہایت محنتی یوٹیوبرز نے ہم سے پہلے ہی یہ خبر بریک کر دی”۔

توثیق حیدر نے ہنستے ہوئے کہا کہ “جب میں صبح سو کر اٹھا تو مجھے انٹرنیٹ سے معلوم ہوا کہ میری فرح سے شادی ہو چکی ہے، یوٹیوب پر لگی شادی کی تصویر بھی کمال کی تھی، جس میں مَیں بڑا خوبصورت دلہا لگ رہا تھا”، انہوں نے یوٹیوبرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “اگر آپ نے ہماری شادی کی جھوٹی خبر چلا کر 2 لاکھ روپے کما لیے ہیں، تو کم از کم 50 ہزار روپے ہمیں سلامی ہی بھیج دیں، آخر آپ ہماری وجہ سے اتنی آمدنی حاصل کر رہے ہیں، یہ ایک اچھا کاروباری معاہدہ ہو سکتا ہے”، توثیق حیدر نے مزید کہا کہ “ہم اپنی اپنی زندگیوں میں بہت خوش ہیں، میں نے غیر شادی شدہ رہ کر یہ سیکھا کہ شادی نہیں کرنی چاہیے، جبکہ فرح نے شادی کے بعد یہ سیکھا کہ یہ ہمارے لیے موزوں نہیں”۔
اداکارہ فرح سعدیہ نے اس معاملے پر شدید حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “میں یہ خبر سن کر دنگ رہ گئی، مجھے یقین ہی نہیں آیا، یوٹیوبرز کو ہمیں بھی سلامی دینی چاہیے کیونکہ وہ ہمارے نام پر جھوٹی خبریں چلا کر اپنے چینلز مونیٹائز کر رہے ہیں، جو کہ بالکل نامناسب طرزِ عمل ہے، ہماری فیملیز ہیں، بچے اور والدین ہیں، لوگ ان سے ہماری شادی کے حوالے سے سوالات کرتے ہیں جس سے وہ پریشان ہوتے ہیں، خدارا ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، دوسروں کی ذاتی زندگیوں کے بجائے اپنی زندگی پر زیادہ توجہ دیں، ہم محض اچھے دوست ہیں اور ہمیشہ بہترین دوست ہی رہیں گے”۔

WhatsApp
Get Alert