کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے بڑی خوشخبری، مزید 32 ہزار گھر تعمیر ہوں گے

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ منصوبے “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا، جس کے تحت کم آمدنی والے خاندانوں کو بلاسود ہاؤسنگ قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق اب تک پروگرام کے تحت 1 لاکھ 66 ہزار بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جس کے بعد یہ پاکستان کے سب سے بڑے کم لاگت ہاؤسنگ فنانس پروگراموں میں شمار ہونے لگا ہے۔

حکام کے مطابق گھروں کی تعمیر کے لیے اب تک 215 ارب 76 کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کی جا چکی ہے، جس کی بدولت پنجاب بھر میں 1 لاکھ 5 ہزار 594 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور ہزاروں خاندان اپنے ذاتی گھروں میں منتقل ہو چکے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت صوبے بھر میں 28 ہزار 453 گھروں پر تعمیراتی کام جاری ہے، جبکہ جلد مزید 32 ہزار 48 نئے گھروں کی تعمیر کا آغاز بھی کیا جائے گا۔

پروگرام کے تحت قرضوں کی واپسی کا عمل بھی جاری ہے اور اب تک 14 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کی رقم وصول کی جا چکی ہے، جو منصوبے کی شفافیت اور کامیابی کی عکاسی کرتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے لیے اب تک 12 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن پر مرحلہ وار کارروائی جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق اس اسکیم میں خواتین اور خواجہ سراؤں کو بھی مساوی مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ اب تک 91 ہزار 434 مرد، 14 ہزار 7 خواتین اور 23 ٹرانس جینڈرز اس پروگرام کے ذریعے اپنے ذاتی گھروں کے مالک بن چکے ہیں۔

دیہی اور شہری علاقوں میں بھی اس منصوبے کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ دیہی پنجاب میں 60 ہزار 139 جبکہ شہری علاقوں میں 45 ہزار 325 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کا مقصد غریب اور متوسط طبقے کو باعزت رہائش فراہم کرنا ہے اور یہ سہولت بلاامتیاز ہر مستحق شہری تک پہنچائی جا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert