فنانس ایکٹ 2026 کا نفاذ، کون سی گاڑیاں سستی ہوں گی اور کون سی مہنگی؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) فنانس ایکٹ 2026 کے تحت درآمدی گاڑیوں پر خصوصی ایکسائز ڈیوٹی کا نفاذ شروع کردیا گیا ، جس کے بعد اچھوٹی گاڑیاں سستہ ہونے اور امپورٹڈ لگژری کاریں اور بڑی SUVs لاکھوں روپے مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے یکم جولائی 2026 سے فنانس ایکٹ کے تحت بیرون ملک سے منگوائی جانے والی گاڑیوں پر نئی “خصوصی ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

ایف بی آر کے اس فیصلے سے ملک کی امپورٹڈ آٹو مارکیٹ میں بڑی ہلچل مچ گئی ہے، جہاں کچھ کیٹیگریز کے لیے ٹیکس کم ہوئے ہیں، وہیں لگژری اور بڑی گاڑیوں پر ٹیکسوں کا بھاری بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔

ایس آر او 1072(I)/2026 کے تحت یہ ٹیکس کسٹمز کلیئرنس کے وقت بالکل اسی طریقہ کار کے تحت وصول کیا جائے گا جس طرح عام کسٹمز ڈیوٹی وصول کی جاتی ہے۔

بجٹ میں حکومت کے ٹیرف ریشنلائزیشن پلان کے تحت کئی مسافر گاڑیوں پر کسٹمز ڈیوٹی کم کی گئی ہے، جس کا فائدہ عام درآمدی کاروں کو ہوگا۔

بیرون ملک سے مکمل تیار شکل میں منگوائی جانے والی وہ الیکٹرک کاریں اور الیکٹرک SUVs جن کی مالیت 75,000 امریکی ڈالر تک ہے، انہیں اس نئی اسپیشل ایکسائز ڈیوٹی سے مکمل استثنیٰ حاصل رہے گا، کسٹمز ڈیوٹی کم ہونے کی وجہ سے یہ گاڑیاں سستی ہو سکتی ہیں۔

کون سی گاڑیاں مہنگی ہوں گی؟
بڑی انجن کیپیسٹی والی پٹرول/ڈیزل گاڑیوں اور مہنگی لگژری الیکٹرک کاروں پر ٹیکسز کی شرح میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

75,000 ڈالر سے زائد اور 110,000 ڈالر تک مالیت کی امپورٹڈ الیکٹرک کاروں اور SUVs پر 30 فیصد خصوصی ایکسائز ڈیوٹی عائد کر دی گئی جبکہ 110,000 ڈالر سے زائد مالیت کی الیکٹرک گاڑیوں پر 40 فیصد بھاری ڈیوٹی لاگو ہوگی۔

اس کے علاوہ 2000 سی سی سے 3000 سی سی تک کے انجن والی تمام امپورٹڈ کاروں، SUVs، اسٹیشن ویگنز، ڈبل کیبن پک اپس اور ریسنگ کاروں پر 86 فیصد خصوصی ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔

3000 سے زائد سی سی والی گاڑیوں پر یہ ڈیوٹی بڑھا کر 92 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی گئی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ حکومت نے بجٹ میں کچھ گاڑیوں پر کسٹمز ڈیوٹی کم کی تھی، لیکن بڑی اور لگژری گاڑیوں پر لگائی گئی یہ نئی اسپیشل ایکسائز ڈیوٹی اس کمی کے اثر کو پوری طرح ختم کر دے گی، جس کے نتیجے میں امپورٹڈ لگژری کاروں کی قیمتوں میں کروڑوں روپے تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert