اسلام آباد اور راولپنڈی میں مون سون کی پہلی بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)مون سون کے پہلے اسپیل کا آغاز ہوگیا، جڑواں شہروں میں بارش نے کئی روز سے جاری شدید گرمی کا زور توڑ دیا۔ اسلام آباد کی جناح سپر مارکیٹ میں پارکنگ میں کھڑی دو گاڑیوں پر درخت گر گیا۔ جبکہ پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا یہ سلسلہ چھ جولائی تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ملک میں مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل شروع ہوگیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ وفاقی دارالحکومت میں تیز ہواؤں کے باعث جناح سپر مارکیٹ میں ایک درخت پارکنگ میں کھڑی دو گاڑیوں پر گر گیا۔ دونوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ چھ جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی اور دالبندین میں سینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دادو میں پارا چھیالیس اور سبی میں پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔ جبکہ سب سے زیادہ فیل لائک درجہ حرارت پشاور میں صاٹھ ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ این ڈی ایم اے نے آئندہ ہفتے کے ممکنہ خطرات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا۔ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، اچانک سیلاب ، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خدشات ہیں۔ ترجمان کے مطابق دریاؤں کے کناروں کے کٹاؤ کے ساتھ شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی مشینری کی تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ نشیبی علاقوں اور دریاؤں کے کنارے آباد شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
