بینک مینجرکےہاتھوں مالی فراڈ کا شکاربصارت سےمحروم خاتون کو1 کروڑ92 لاکھ روپےواپس مل گئے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بینک مینجر کے ہاتھوں مالی فراڈ کا شکار بصارت سے محروم خاتون کو1 کروڑ92 لاکھ روپے واپس مل گئے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے باقی رقم کے ازالے کیلئے بینک مینجر کی دونوں گاڑیاں متاثرہ خاتون کے حوالے کرنےحکم جاری کر دیا ۔
جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس نے رقم ریکوری کی متفرق درخواست پر سماعت کی ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو رمیز جاوید کی دونوں گاڑیاں ریکور کر کے تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی جاری کر دیا ۔ خاتون درخشاں مرزا دونوں ججز صاحبان کا شکریہ ادا کیا ۔
اسسٹنٹ ٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ نے کہا کہ پہلی رقم 1 کروڑ 59 لاکھ ان کو موصول ہو چکی ہے، گزشتہ روز 28 لاکھ کا ایک جبکہ 5 لاکھ 30 ہزار کا دوسرا چیک موصول ہوچکا ہے،دونوں گاڑیاں ایک ہفتے میں ریکور کروا کر دیں گے۔
بینک مینجر رمیز جاوید کروڑوں روپے کے فراڈ کیس میں سزا یافتہ ہیں اور اڈیالہ جیل میں قید ہے، بینک مینجر پر خاتون درخشاں مرزا کی دو کروڑ سے زائد رقم ہڑپ کرنے کا الزام ہے، ٹرائل کورٹ نے بینک مینجر رمیز جاوید پر جرم ثابت ہونے پر پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے رمیز جاوید کی سزا کے خلاف اپیل بھی مسترد کر دی، سزا مسترد کرنے کے فیصلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے رقم کی ریکوری کا بھی آرڈر کیا تھا۔
مکمل رقم نہ ملنے پر درخشاں مرزا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 7 جولائی تک ملتوی کر دی۔
