40 سال بعد فیفا ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے پر میکسیکو میں جشن، دم گھٹنے سے 3 افراد جان سے گئے

میکسیکو سٹی(قدرت روزنامہ)میکسیکو میں 40 سال بعد فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں رسائی کی خوشی افسوسناک واقعے میں بدل گئی، جشن کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 3 افراد دم گھٹنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
فٹ بال ورلڈکپ کے راؤنڈ آف تھرٹی ٹو میں میکسیکو نے ایکواڈور کو 0-2 سے شکست دے کر 40 سال بعد پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
اس جیت کے بعد میکسیکو سٹی میں 10 لاکھ سے زائد افراد جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے۔شہر کی انتظامیہ کے مطابق زیادہ تر لوگ شہر کے وسط میں واقع اینجل آف انڈیپنڈنس کے اطراف جمع تھے۔
میچ کے بعد جشن کا سلسلہ شہر کے مختلف علاقوں میں دیر تک جاری رہا، جہاں آتش بازی بھی کی گئی۔
تاہم اس جشن کے دوران ایمرجنسی سروسز نے مختلف مقامات پر 3 بے ہوش افراد کو ابتدائی طبی امداد اور سی پی آر دینے کے بعد اسپتال منتقل کیا، تاہم تینوں افراددم گھٹنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
محکمہ صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 19 سالہ لڑکی، 48 سالہ خاتون اور 44 سالہ مرد شامل ہیں۔
میکسیکو سٹی کی میئر کلارا بروگاڈا نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے شائقین سے اپیل کی کہ “جشن ہمیشہ ذمہ داری، احتیاط اور ہمدردی کے ساتھ منائیں۔”
