کوئٹہ میں جرائم کی روک تھام اور ٹریفک نظام کی بہتری؛ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن شروع


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک قوانین پر مثر عملدرآمد اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس نے غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف خصوصی کریک ڈان کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں، اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور تجارتی مراکز میں خصوصی ناکے قائم کرکے بغیر رجسٹریشن یا نامکمل دستاویزات رکھنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد شہریوں کو قانون کا پابند بنانا، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی حوصلہ شکنی، جرائم کی روک تھام اور ٹریفک نظام کو مزید منظم بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متعدد جرائم میں غیر رجسٹرڈ یا جعلی نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے استعمال کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں، جس کے باعث ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ایسی تمام موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو روکا جا رہا ہے جن کے پاس رجسٹریشن بک، اصل نمبر پلیٹ، ٹوکن ٹیکس، ٹرانسفر دستاویزات یا دیگر قانونی کاغذات موجود نہیں۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف موقع پر جرمانے کیے جا رہے ہیں، جبکہ بعض صورتوں میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لے کر متعلقہ تھانوں یا سرکاری پارکنگ یارڈ منتقل کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خصوصی مہم کے دوران جعلی یا غیر نمونہ نمبر پلیٹوں، بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے، کم عمر ڈرائیوروں اور ٹریفک قوانین کی دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی چیکنگ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، جو ہر گاڑی کی رجسٹریشن اور قانونی دستاویزات کی جانچ کر رہی ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق یہ مہم شہر بھر میں مرحلہ وار جاری رہے گی، جبکہ حساس مقامات، تعلیمی اداروں، بازاروں، شاہراہوں اور داخلی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کی جائے گی تاکہ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی نقل و حرکت کی مثر روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن بروقت مکمل کرائیں، اصل نمبر پلیٹ استعمال کریں، ڈرائیونگ لائسنس اور تمام قانونی دستاویزات ہمراہ رکھیں تاکہ کسی قسم کی قانونی کارروائی یا پریشانی سے بچا جا سکے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہر میں محفوظ، منظم اور بہتر ٹریفک نظام کے قیام کے لیے اس نوعیت کی کارروائیاں آئندہ بھی باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں گی۔

WhatsApp
Get Alert