سعودی عرب کا پاکستانیوں اور دیگر وزیٹرز کیلئے ’پیکیج ویزہ‘ کا اعلان

ویزہ کا حصول اور سفری بکنگ ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کردی گئی، اب مسافروں کو فلائٹس، رہائش اور انٹری پرمٹ کیلئے الگ الگ پلیٹ فارمز کا رخ نہیں کرنا پڑے گا


ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی عرب نے عالمی سیاحوں کیلئے ملک میں داخلے کے عمل کو آسان بنانے کی خاطر ایک انقلابی ڈیجیٹل اقدام ’پیکیج ویزہ‘ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت سیاحتی ویزہ کی درخواستوں کو براہ راست سفری بکنگ کے ساتھ جوڑ دیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس سروس کا آغاز فی الحال ایک وسیع تر عالمی لانچ سے قبل منتخب بین الاقوامی مارکیٹوں میں منظور شدہ ٹریول اور ٹورازم سروس پرووائیڈرز کے ذریعے کیا جا رہا ہے، یہ نیا نظام سعودی عرب کے سفر کی منصوبہ بندی کیلئے درکار مراحل کو نمایاں طور پر کم کر دے گا۔
بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب آنے والے مسافروں کو اب فلائٹس، رہائش اور انٹری پرمٹ کیلئے الگ الگ پلیٹ فارمز کا رخ نہیں کرنا پڑے گا بلکہ اہل سیاح اب ایک ہی مربوط عمل کے ذریعے اپنا پورا سفری پلان بک کرسکیں گے، یہ پلیٹ فارم صارفین کو اپنی بکنگ میں ایونٹس کے ٹکٹ، مقامی سرگرمیاں اور دیگر سیاحتی تجربات کو بھی باآسانی شامل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
سعودی وزیر برائے سیاحت احمد الخطیب نے اس اقدام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسے جیسے سعودی عرب کا سیاحتی شعبہ تیز رفتاری سے ترقی کر رہا ہے، پیکیج ویزہ زائرین کے لیے سفر کو مزید آسان بنانے کے ہمارے عزم کا عکاس ہے، ویزہ کے اجراء کو سفری بکنگ کے ساتھ یکجا کرکے ہم مسافروں کے سفر کو سادہ اور مربوط بنا رہے ہیں، یہ اقدام سیاحتی نظام میں باہمی تعاون کو بھی مضبوط کرتا ہے اور ایک آسان عالمی منزل کے طور پر سعودی عرب کی پوزیشن کو مستحکم کرتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ ڈیجیٹل انضمام مملکت کی اس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد سفری رکاوٹیں دور کرنا اور سیاحت کے ذریعے معاشی تنوع کو فروغ دینا ہے، اس سے قبل ٹورسٹ ای ویزہ، ویزہ آن ارائیول اور اسٹاپ اوور ٹرانزٹ ویزہ کے کامیاب آغاز کے بعد سعودی عرب نے سیاحت کے شعبے میں ریکارڈ ترقی دیکھی، جہاں سال 2025ء میں 2 کروڑ 90 لاکھ سے زائد غیر ملکی زائرین کا استقبال کیا گیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی ٹریول انڈسٹری کیلئے یہ اقدام انتہائی مسابقتی سفری پیکیجز تیار کرنے، صارفین کے لیے سفری لاجسٹکس کو بہتر بنانے اور انھیں طویل قیام پر راغب کرنے کے نئے مواقع پیدا کرے گا، تاہم خدمات کے معیار اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے، پیکیج ویزہ کی یہ سہولت خصوصی طور پر صرف انہی اہل ٹریول آپریٹرز تک محدود رکھی گئی ہے جو سروس کے سخت معیار پر پورا اترتے ہوں اور 24 گھنٹے کسٹمر سپورٹ فراہم کرتے ہوں۔

WhatsApp
Get Alert