چکن کی قیمت 400 سے اوپر، انڈے بھی سستے نہ ہوئے! کراچی اور لاہور کی نئی ریٹ لسٹ سامنے

کراچی ،لاہور(قدرت روزنامہ)کراچی اور لاہور کے شہریوں کے لیے مرغی اور انڈوں کی نئی قیمتیں جاری کر دی گئی ہیں جن میں دونوں بڑے شہروں میں برائلر گوشت، زندہ مرغی اور انڈوں کے سرکاری نرخ مقرر کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے دکانداروں کو مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
کراچی میں چکن اور انڈوں کے نرخ
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ پرائس لسٹ کے مطابق شہر میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 420 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
نرخ نامے کے مطابق زندہ برائلر مرغی عام (جنرل) کی قیمت 260 روپے فی کلو، زندہ برائلر مرغی تھوک کی قیمت 272 روپے فی کلو جبکہ زندہ برائلر مرغی چوزہ بھاؤ 280 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح کراچی میں فارمی انڈوں کے نئے نرخ بھی جاری کیے گئے ہیں۔ پرائس لسٹ کے مطابق فارمی انڈے 201 روپے فی درجن مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ 58 گرام سے کم وزن والے فارم انڈوں کی قیمت 207 روپے فی درجن رکھی گئی ہے۔
مزید برآں 58 گرام سے کم وزن والے فارم انڈے (درجہ اول) 215 روپے فی درجن فروخت ہوں گے۔
لاہور میں چکن اور انڈوں کے نرخ
دوسری جانب لاہور میں بھی مرغی اور انڈوں کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ فوڈ سیفٹی اینڈ پرائس کنٹرول کی جانب سے جاری کردہ پرائس چیک لسٹ کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 446 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
لاہور میں زندہ برائلر مرغی (فارم گیٹ) کا نرخ 280 روپے فی کلو، زندہ برائلر مرغی (ڈیلر/تھوک) 294 روپے فی کلو جبکہ زندہ برائلر مرغی چوزہ کی قیمت 308 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
انڈوں کے نرخوں کے مطابق لاہور میں فارمی انڈے 233 روپے فی درجن فروخت کیے جائیں گے، جبکہ انڈوں کی پیٹی کی قیمت 6870 روپے مقرر کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیاء فروخت کریں۔ حکام کے مطابق زائد قیمت وصول کرنے یا مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سریکاری حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مرغی اور انڈے خریدتے وقت سرکاری نرخوں کو مدنظر رکھیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
