شادی کا فیصلہ میرا تھا، اس معاملے میں کسی کو الزام نہیں دے سکتی: میرا سیٹھی

لاہور (قدرت روزنامہ)اداکارہ میرا سیٹھی نے کہا ہے کہ ان پر شادی کیلئے کوئی دباؤ نہیں تھا اور وہ اس معاملے میں کسی کو الزام نہیں دے سکتیں۔
حال ہی میں میرا سیٹھی نے اداکار و گلوکار احمد علی بٹ کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے کیرئیر سمیت ذاتی زندگی کے حوالے سے گفتگو کی۔
اداکارہ نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ طلاق سے میں نے جو پہلی بات سیکھی وہ یہ تھی کہ اپنے دل کی آواز یا اپنے جذبات پر اندھا اعتماد نہ کریں اور نہ ہی کسی کی خاطر اپنی شخصیت کو بدلیں۔
انہوں نے کہا کہ چاہے وہ آپ کا شوہر ہو، دوست ہوں، مرد باس ہوں یا کوئی اور، لوگوں کو یہ بات بہت پسند آتی ہے جب آپ ان کی خاطر خود کو بدل لیتے ہیں لیکن یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے، یہ وہ دو اہم ترین اسباق ہیں جو میں نے سیکھے۔
میرا سیٹھی کا کہنا تھا کہ میں نے زندگی کا لطف اٹھایا، بہت کچھ سیکھا اور مجھ میں پختگی آئی، اب میں یہ بات اس لیے کہہ سکتی ہوں کیونکہ میری طلاق کو برسوں گزر چکے ہیں اور میں زندگی میں آگے بڑھ چکی ہوں،جب کوئی خاتون حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے سے انکار کرتی ہے تو لوگوں کو اکثر اعتراض ہوتا ہے، وہ کہتے ہیں ‘کڑی ایڈجسٹ نہیں کر سکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھ پر شادی کرنے کا کوئی سماجی دباؤ نہیں تھا، میں نے اس عمر کے بعد شادی کی جسے معاشرہ شادی کے لیے مناسب سمجھتا ہے،یہ مکمل طور پر میرا اپنا فیصلہ تھا جو مثالی سوچ اور محبت پر مبنی تھا، اس معاملے میں، میں اپنی ذات کے سوا کسی اور پر الزام نہیں ٹھہرا سکتی۔
واضح رہے کہ میرا سیٹھی نے بلال صدیقی سے 2019 میں امریکی ریاست کیلیفورنیا میں شادی کی تھی اور جوڑے نے 2023 میں اپنی راہیں جدا کرلیں۔
