پاکستان بھر میں سیمنٹ کی قیمتیں بدستور بلند، 50 کلو بوری 1,350 سے 1,570 روپے تک فروخت

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک بھر میں سیمنٹ کی قیمتیں بدستور بلند سطح پر برقرار ہیں، جس کے باعث تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد اور عام شہریوں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔ مختلف شہروں، برانڈز اور علاقوں کے لحاظ سے سیمنٹ کی قیمتوں میں معمولی فرق دیکھا جا رہا ہے۔
تازہ مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق 50 کلوگرام سیمنٹ کی ایک بوری کی قیمت 1,350 روپے سے 1,570 روپے کے درمیان فروخت ہو رہی ہے، جبکہ بیشتر مارکیٹوں میں اس کی اوسط قیمت 1,390 سے 1,450 روپے کے درمیان ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق مختلف برانڈز، ٹرانسپورٹ کے اخراجات، علاقائی طلب اور سپلائی کی صورتحال کے باعث قیمتوں میں فرق پایا جاتا ہے۔ معروف برانڈز میں میپل لیف سیمنٹ سب سے مہنگے برانڈز میں شمار ہو رہی ہے، جس کی ایک بوری کی قیمت 1,570 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ پائیدار سیمنٹ نسبتاً کم قیمت پر دستیاب برانڈز میں شامل ہے۔
تعمیراتی شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ رہائشی منصوبوں، کمرشل عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیراتی لاگت پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے، جس سے مجموعی تعمیراتی اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ دنوں میں سیمنٹ کی قیمتوں کا انحصار توانائی کے اخراجات، ٹرانسپورٹ لاگت، خام مال کی قیمتوں اور تعمیراتی شعبے میں طلب پر ہوگا۔ اگر پیداواری لاگت یا ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو سیمنٹ کی قیمتوں میں بھی مزید اضافے کا امکان موجود ہے۔
