جیونی: کوسٹ گارڈ چیک پوسٹ دھماکے کے بعد راستوں کی بندش سے شہری محصور ہوگئے ہیں؛ نیشنل پارٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ جیونی کے علاقے پانوان میں کوسٹ گارڈ کی چیک پوسٹ پر ہونے والے دھماکے کے بعد پورے علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کی بندش نے عام شہریوں کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ حکومت امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے، تاہم ایسے اقدامات جن کے نتیجے میں شہری اجتماعی سزا کا شکار ہوں، کسی بھی صورت مناسب نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ راستوں کی مسلسل بندش کے باعث جیونی اور اس کے گردونواح میں اشیائے خورد و نوش کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے، جبکہ فراہمی آب بھی متاثر ہے۔ مریض، بزرگ، خواتین، بچے، مزدور، طلبہ اور روزگار سے وابستہ افراد کو شدید مشکلات اور اذیت کا سامنا ہے، جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح مفلوج ہو گئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ امن و امان کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم اس کی آڑ میں پوری آبادی کو محصور کر دینا اور بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کرنا انصاف، انسانی حقوق اور آئینی ذمہ داریوں کے منافی ہے۔
