بھارت سن لے پاکستان کا پانی روکنا ’ایکٹ آف وار‘ تصور ہوگا: رانا تنویرحسین

شیخوپورہ (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بھارت سن لے پاکستان کا پانی روکنا ’ایکٹ آف وار‘ تصور ہو گا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ دنیا نیوز‘‘ کے مطابق اپنے آبائی حلقے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ بھارت پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے اور بھارتی خفیہ ایجنسی “را” دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو “ایکٹ آف وار” تصور کیا جائے گا، جبکہ ورلڈ بینک کی گارنٹی کے تحت پانی کا معاہدہ پاکستان کا قانونی حق ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اہم فورمز پاکستان کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں، انہوں نے خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی کارروائیوں کے باعث کشیدگی برقرار ہے تاہم جنگ کے امکانات کم ہیں۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ امریکہ، قطر اور سعودی عرب کشیدگی میں کمی کے لیے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں، ایران اور دیگر ممالک کے درمیان تنازع مزید پھیلنے سے روکنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل علاقائی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، آزاد کشمیر کے 38 مطالبات میں سے 36 منظور کیے جا چکے ہیں اور حکومت مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کو ترجیح دے رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور حکومت ہر صورت دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے بھارت اور اسرائیل پر خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
معاشی امور پر بات کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ مہنگائی کے باوجود پاکستان کی صورتحال کئی ممالک سے بہتر ہے، انہوں نے موٹروے ٹول میں اضافے کو سڑکوں کی دیکھ بھال کے اخراجات کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے کو مالی خسارے کا سامنا ہے، جس کے باعث اضافی وسائل کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عوامی خدمت اور معاشی استحکام کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
