چینی کی قیمتوں پر حکومت کا بڑا فیصلہ، ذخیرہ اندوزوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت چینی کی بلاتعطل فراہمی اور عوام کو مناسب قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ ذخیرہ اندوزی، مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے استحکام کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں چینی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے صوبائی فوڈ محکموں کے تعاون سے اجلاس کو چینی کے موجودہ ذخائر، پیداواری تخمینوں اور مارکیٹ میں قیمتوں کے رجحانات پر بریفنگ دی۔تفصیلی جائزے کے بعد اجلاس نے چینی کی دستیابی اور سپلائی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دریں اثنا نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقتصادی سفارت کاری کے فروغ سے متعلق بین الوزارتی اجلاس کی بھی صدارت کی، جس میں پاکستان کی معیشت کے فروغ کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کوششیں تیز کرنے، عالمی معیار اور بین الاقوامی ذمہ داریوں پر مؤثر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری کابینہ ڈویژن اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اسحاق ڈار نے حکومت کے پائیدار معاشی استحکام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
