بلوچستان میں پہلی بار ای-ڈومیسائل اور ای-لوکل سرٹیفکیٹ سسٹم متعارف، باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)حکومتِ بلوچستان نے عوامی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ای-ڈومیسائل اور ای-لوکل سرٹیفکیٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
معاونِ خصوصی برائے وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر ڈومیسائل اور لوکل سرٹیفکیٹ کے اجرا کا پورا نظام مرحلہ وار مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے، تاکہ شہریوں کو جدید، تیز رفتار اور شفاف سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ای-ڈومیسائل سسٹم کے تحت شہری اب پاکستان بھر میں موجود نادرا سینٹرز، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) دفاتر اور پاک آئی ڈی (Pak ID) پلیٹ فارم کے ذریعے گھر بیٹھے درخواست جمع کرا سکیں گے، جس سے عوام کو دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے سے نجات ملے گی۔

شاہد رند کے مطابق نئے نظام کے نفاذ سے درخواستوں میں تاخیر، غیر ضروری دفتری مراحل، مڈل مین کے کردار اور جعلی ڈومیسائل و لوکل سرٹیفکیٹس کے اجرا کی مؤثر روک تھام ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کے ڈیٹا کا تحفظ، معلومات کی درستگی اور سرکاری اداروں کے لیے محفوظ اور قابلِ اعتماد تصدیقی نظام بھی یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ بلوچستان وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق عوامی خدمات کو جدید، شفاف اور مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ شہریوں کو بہتر، آسان اور بروقت سرکاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

WhatsApp
Get Alert