بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا سیوریج کے پانی سے کاشت کی گئی مضرِ صحت سبزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، گوبھی، دھنیا اور پودینہ کی فصلیں تلف


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) نے سیوریج کے پانی سے کاشت کی جانے والی مضرِ صحت سبزیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے اسپنی روڈ اور سی پیک روڈ کے علاقوں میں وسیع اراضی پر اگائی گئی مختلف خوردنی فصلیں تلف کر دیں۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق تلف کی گئی فصلوں میں گوبھی، دھنیا، پودینہ سمیت دیگر سبزیاں شامل ہیں، جنہیں ملحقہ نالوں کے آلودہ اور سیوریج کے پانی سے سیراب کرکے کاشت کیا گیا تھا، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہو سکتی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ عدالتِ عالیہ کے واضح احکامات اور حکومت کی جانب سے عائد پابندی کے باوجود سیوریج کے زہریلے پانی سے خوردنی سبزیوں کی کاشت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پانی سے تیار ہونے والی سبزیاں شہریوں کی صحت کے لیے شدید خطرات کا باعث بنتی ہیں اور مختلف بیماریوں کو جنم دے سکتی ہیں۔


ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ قوانین کے مطابق سیوریج کے پانی سے صرف غیر خوردنی فصلوں کی کاشت کی اجازت ہے، جبکہ انسانی استعمال کے لیے سبزیوں یا دیگر خوردنی اجناس کی کاشت مکمل طور پر ممنوع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی صوبے بھر میں ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کاشتکاروں اور زمینداروں کی فصلیں تلف کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت ضروری قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert