صادق ادوزئی اور بھائی پر کوئٹہ میں مقدمہ درج ‘ گارڈز گرفتار ‘ مظلوم اولسی تحریک کا قومی شاہراہیں بند کرنیکا انتباہ


چمن(ڈیلی قدرت چمن)مظلوم اولسی تحریک کے ضلعی صدر محمد قسیم خان نے پارٹی رہنماں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین حاجی صادق خان کے سیکیورٹی گارڈز کے لاپتہ کیے جانے اور ان کے خلاف مقدمات کا اندراج ریاستی جبر کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر لاپتہ گارڈز کو فوری طور پر بازیاب نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے قومی شاہراہیں بند کر دی جائیں گی۔محمد قسیم خان نے بتایا کہ مظلوم اولسی تحریک کے چیئرمین حاجی صادق خان زیارت میں پیش آنے والے واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی اور ان کے آئینی و انسانی حقوق کی حمایت کے لیے دھرنے میں شریک ہوئے تھے۔ ان کے مطابق واپسی پر متعلقہ اداروں نے انہیں روک کر ان کے تین سیکیورٹی گارڈز کو لاپتہ کر دیا، جبکہ حاجی صادق خان اور ان کے بھائی حاجی سلاب خان کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہر شہری کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، لاپتہ افراد کے قانونی حقوق کا احترام کیا جائے اور سیکیورٹی گارڈز کو فوری طور پر باعزت بازیاب کیا جائے۔ضلعی صدر نے کہا کہ مظلوم اولسی تحریک پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور امید کرتی ہے کہ متعلقہ ادارے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کریں گے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو تحریک پرامن احتجاج کے ساتھ قومی شاہراہیں بند کرنے پر مجبور ہوگی، جس کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert