پنجاب اسمبلی میں کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے کی قرارداد آگئی
سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے استعمال کیلئے عمر کی تصدیق کا نظام متعارف کرانے کا مطالبہ

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان میں بچوں کو محفوظ اور مثبت ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے لیے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب ایم پی اے سارہ احمد نے صوبائی اسمبلی میں 16 سال سے کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے کی قرارداد جمع کرا دی۔ اس حوالے سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اس طرح وزیراعلی ٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت ہر بچے کو محفوظ بچپن اور محفوظ ڈیجیٹل مستقبل فراہم کیا جائے گا کیوں کہ بچوں کو سوشل میڈیا کے مضر اثرات، سائبر بلنگ، آن لائن استحصال اور غیر اخلاقی مواد سے محفوظ بنانا ریاست کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔
بتایا گیا ہے کہ چیئرپرسن سارہ احمد کی پیش کردہ قرارداد میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے استعمال سے متعلق موثر قانونی اقدامات اور عمر کی تصدیق کا نظام متعارف کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ دنیا کے متعدد ممالک جن میں آسٹریلیا، فرانس، چین اور امریکہ کی مختلف ریاستیں شامل ہیں، کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق قوانین اور عمر کی پابندیاں متعارف کرا چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی رجحانات کے پیشِ نظر پاکستان میں بھی کم عمر بچوں کے محفوظ ڈیجیٹل مستقبل کے لیے مؤثر قانون سازی ناگزیر ہے، قرارداد کے ذریعے وفاقی حکومت اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے مؤثر ریگولیٹری اور نگرانی کا نظام وضع کرنے کی سفارش کی گئی ہے، کیوں کہ بچوں کے بہترین مفاد کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق ہر بچے کو محفوظ بچپن اور محفوظ ڈیجیٹل مستقبل فراہم کیا جائے گا
