بلوچستان حکومت کا اہم فیصلہ؛ صوبے بھر میں نادرا کے ذریعے اسلحہ لائسنسوں کی پروسیسنگ فوری معطل

کوئٹہ(ڈیلی قدرت)حکومت بلوچستان کے محکمہ داخلہ (آرمز سیکشن)نے صوبے بھر میں نادرا رجسٹریشن سینٹرز (NRCs) اور تمام نادرا کاونٹرز کے ذریعے NPB اسلحہ لائسنسوں کی پروسیسنگ فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں محکمہ داخلہ کی جانب سے 15 جولائی 2026 کو جاری کردہ باضابطہ مراسلے کے مطابق مجاز اتھارٹی کی ہدایت پر یہ فیصلہ اس وقت تک نافذ رہے گا جب تک صوبے بھر میں اسلحہ ڈیلرشپ لائسنسوں کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل نہیں ہو جاتی اور تمام ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں نادرا کے متعلقہ ماڈیولز نصب نہیں کیے جاتیمراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ بلوچستان کے تمام نوٹیفائیڈ نادرا رجسٹریشن سینٹرز (NRCs) سمیت صوبے سے باہر موجود نادرا کانٹرز کو بھی بلوچستان کے NPB اسلحہ لائسنسوں کی کسی بھی نئی درخواست یا پروسیسنگ سے فوری طور پر روک دیا گیا ہے حکومت بلوچستان نے اس حکم پر فوری اور سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ نادرا حکام کو مراسلے کی نقول ارسال کر دی ہیں۔ اس فیصلے کے بعد صوبے بھر میں نادرا کے ذریعے اسلحہ لائسنس کی تمام کارروائیاں آئندہ احکامات تک معطل رہیں گی۔
