مدت پوری ہونے پر بلوچستان میں بلدیاتی ادارے 8 فروری 2027 کو ختم کرنے کا نوٹفکیشن جاری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان نے صوبے بھر میں مقامی حکومتوں کے تمام منتخب اداروں کو ختم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔صوبائی کابینہ کے فیصلے کے مطابق 8 فروری 2027 سے میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں، ڈسٹرکٹ کونسلز اور یونین کونسلز کے چئیرمین، وائس چئیرمین اور ممبران کے عہدے ختم ہو جائیں گے۔
لوکل گورنمنٹ، دیہی ترقی اور ایگرو ویلیجز ڈپارٹمنٹ (بلوچستان لوکل کونسلز الیکشن سیل) کی جانب سے 9 جولائی 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی کابینہ نے 12 جون 2026 کو اپنے اجلاس میں یہ اہم فیصلہ کیا تھا۔
نوٹیفکیشن نمبر 5-97 2025-26 (BLCEC)10356-504 میں واضح کیا گیا ہے کہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 کی دفعہ 26 کے تحت مذکورہ تمام مقامی اداروں کا وجود 8 فروری 2027 سے ختم ہو جائے گا۔
نوٹیفکیشن بلوچستان گزٹ کے اگلے شمارے میں شائع کیا جائے گا اور صوبے کے تمام متعلقہ حکام کو بھیجا جا چکا ہے۔
یہ فیصلہ بلوچستان کے مقامی حکومت کے نظام میں بڑی تبدیلی کا آغاز سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم اب تک نئے انتخابات کے انعقاد یا عبوری انتظامات کے حوالے سے کوئی اضافی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق یہ نوٹیفکیشن صوبائی کابینہ کے حتمی فیصلے پر مبنی ہے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
