آپ کی لوکیشن کوئی نہیں جان سکتا؟ آئی فون 18 پرو کی نئی ٹیکنالوجی نے تہلکہ مچا دیا

نیویارک(قدرت روزنامہ)ایپل کے سب سے بڑے سالانہ لانچنگ ایونٹ کی گھڑی جیسے جیسے قریب آ رہی ہے اسمارٹ فون کی دنیا کے بے تاج بادشاہ آئی فون کے اگلے فلیگ شپ ماڈلز کے چرچے زبان زدِ عام ہیں۔ پریمیم کیٹیگری کے شوقین افراد کی نظریں اس وقت آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس پر ٹکی ہوئی ہیں جن کے ڈسپلے، کیمرہ، لُک اور قیمتوں کے حوالے سے مارکیٹ میں بڑی بڑی افواہیں گرم ہیں۔
عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ ستمبر کے ایونٹ سے چند ماہ قبل صارفین نیا فون خریدنے کا ارادہ ملتوی کر دیتے ہیں تاکہ اگلی جنریشن کا ماڈل حاصل کر سکیں مگر اس بار صورتحال کچھ الگ ہے۔ ایپل نے حال ہی میں اپنی کئی پراڈکٹس مہنگی کیں لیکن آئی فون کو اس لسٹ سے باہر رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ صارفین اب اس مخمصے کا شکار ہیں کہ موجودہ ماڈل خرید کر پیسے بچائے جائیں یا پھر آئی فون 18 پرو کے انقلابی فیچرز کا انتظار کیا جائے۔اگرچہ یہ تفصیلات حتمی نہیں ہیں مگر مختلف لیکس کی بنیاد پر جو خاکہ سامنے آیا ہے، وہ کچھ یوں ہے۔
دو مرحلوں پر مشتمل انوکھی ریلیز حکمت عملی
آئی فون 18 سیریز کے حوالے سے سب سے چونکا دینے والی خبر اس کے روایتی لانچنگ پیٹرن کی تبدیلی ہے۔ ایپل اب سال بھر اپنی کمائی کا گراف برقرار رکھنے کے لیے تمام ماڈلز ایک ساتھ اتارنے کے بجائے دو حصوں میں پیش کر سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پریمیم ماڈلز یعنی آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون رواں سال ستمبر میں دھماکے دار انٹری دیں گے جبکہ بیسک ورژن یعنی آئی فون 18، آئی فون ایئر 2 اور آئی فون 18e کو اگلی سہ ماہی یعنی 2027 کے موسم بہار تک مؤخر کیا جا سکتا ہے۔
ہینڈ سیٹ کا وزن اور رنگوں کی نئی بہار
چونکہ ایپل نے آئی فون 17 پرو سیریز میں بیک پینل کے دو رنگوں والے امتزاج اور نئے کیمرہ سیٹ اپ کے ساتھ بڑی تبدیلیاں کر دی تھیں اس لیے آئی فون 18 پرو کا مجموعی بیرونی ڈھانچہ زیادہ مختلف نہیں ہوگا۔ البتہ رنگوں کے شوقین افراد کے لیے منفرد چیری ریڈ اور لائٹ بلیو شیڈز لائے جا رہے ہیں جبکہ روایتی گہرا سرمئی (ڈارک گرے) رنگ بھی موجود رہے گا۔ کچھ ایسی تصاویر بھی لیک ہوئی ہیں جن میں ہلکا گرے رنگ دکھایا گیا ہے۔
ظاہری بناوٹ ویسی رہنے کے باوجود ہاتھ میں پکڑنے پر فون کا احساس بدلے گا کیونکہ آئی فون 18 پرو میکس میں بڑی بیٹری کی وجہ سے اس کی موٹائی 0.25 ملی میٹر اور وزن تقریباً 7 گرام بڑھنے کی توقع ہے۔
فرنٹ اسکرین پر ڈائنامک آئی لینڈ کا سائز چھوٹا کرنے کی تیاری
سب سے بڑی اپ گریڈ اس کے فرنٹ ڈسپلے پر دیکھی جائے گی جہاں افواہ ہے کہ کیمرہ کٹ آؤٹ (ڈائنامک آئی لینڈ) کو 35 فیصد تک سکیڑ دیا جائے گا۔ اس سے ڈیوائس کی کارکردگی متاثر نہیں ہوگی بلکہ فیس آئی ڈی سکیورٹی سسٹم پہلے سے زیادہ جدید اور تیز ہو جائے گا۔
اسکرین سائز کے معاملے میں پرو ماڈل کا 6.3 انچ اور پرو میکس کا 6.9 انچ ڈسپلے برقرار رہے گا البتہ اس بار زیادہ برائٹ نیس اور کم بیٹری نچوڑنے والی جدید LTPO+ اسکرین ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
فوٹو گرافی کا نیا دور: ویری ایبل اپرچر ٹیکنالوجی
کیمرہ سسٹمز کی بات کریں تو گزشتہ سیریز میں تینوں کیمروں کو 48 میگا پکسل پر منتقل کرنے کے بعد، اب آئی فون 18 پرو میں متغیر اپرچر (Variable Aperture) ٹیکنالوجی متعارف کرائے جانے کے قوی امکانات ہیں۔
موجودہ فکسڈ اپرچر کے برعکس یہ نیا سسٹم ماحول کی روشنی کو بھانپ کر خودکار طریقے سے لینس کو ایڈجسٹ کرے گا جس سے رات کے اندھیرے میں بہترین لائٹنگ اور دن کے تیز اجالے میں انتہائی متوازن تصاویر کھینچی جا سکیں گی۔
کارکردگی کا بادشاہ: سپر فاسٹ A20 پروسیسر چپ
نئے ماڈلز کی جان اس کا A20 پروسیسر ہوگا جسے تائیوان کی مشہور کمپنی TSMC کی دنیا کی جدید ترین 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر تیار کیا جا رہا ہے۔ یہ موجودہ 3 نینو میٹر سے کہیں زیادہ تیز رفتار اور ایڈوانسڈ ہے۔
اگرچہ اس کی مینوفیکچرنگ لاگت 50 فیصد تک بڑھنے کی رپورٹ ہے لیکن اس کی ویفر لیول ملٹی چپ ماڈیول ٹیکنالوجی ریم (RAM) کو سی پی یو، جی پی یو اور نیورل انجن کے ساتھ اس طرح جوڑ دے گی کہ فون پروسیسنگ پچھلی A19 چپ کے مقابلے میں ناقابل یقین حد تک تیز اور بجلی بچانے والی ہوگی۔
بیٹری کی طاقت اور سمارٹ C2 موڈیم
ایپل ہمیشہ بیٹری کی گنجائش چھپاتا ہے مگر لیکس کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس کی بیٹری 5088 ایم اے ایچ سے بڑھا کر 5200 ایم اے ایچ کی جا رہی ہے جبکہ دوسری جانب چھوٹے پرو ماڈل کی بیٹری میں بھی معمولی اضافہ ہوگا جو 4252 سے بڑھ کر 4288 ایم اے ایچ ہو جائے گی۔ طاقتور پروسیسر کے ساتھ مل کر یہ فونز طویل ترین بیٹری لائف فراہم کریں گے۔
اسکے علاوہ، ڈیوائس میں ایپل کا اپنا تیار کردہ C2 موڈیم نصب ہوگاجو نہ صرف5G سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی کو سپورٹ فراہم کرے گا بلکہ نیٹ ورکس کے پاس محفوظ صارفین کے لوکیشن ڈیٹا کی رسائی کو بھی محدود کر کے سکیورٹی مضبوط بنائے گا۔
قیمتیں اڑان بھرنے کو تیار، ممکنہ ریلیز کی تاریخ
سب سے اہم پہلو قیمت کا ہے۔ ریم اور اسٹوریج پر آنے والے بھاری اخراجات کے باعث ایپل اس بار قیمتوں میں اضافہ کرنے پر مجبور دکھائی دیتا ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق ستمبر کے ایونٹ میں آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1,299 امریکی ڈالر جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت 1,399 امریکی ڈالر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ موازنہ کیا جائے تو پچھلی جنریشن کے آئی فون 17 پرو کی قیمت 1,099 ڈالر اور پرو میکس کی قیمت 1,199 ڈالر سے شروع ہوئی تھی۔
جہاں تک ریلیز کا تعلق ہے ایپل ہمیشہ کی طرح ستمبر کے وسط میں اپنے سالانہ میگا ایونٹ کے دوران ان فلیگ شپ فونز سے پردہ اٹھائے گا اور اس کے چند روز بعد ہی یہ مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔
