سرکاری دفاتر کرپشن اور رشوت خوری کی آماجگاہ بن چکے ہیں؛ عوام کو ذلیل کیا جا رہا ہے، جے یو آئی کوئٹہ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت)جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ سرکاری دفاتر عوامی خدمت کے بجائے بدعنوانی اور رشوت خوری کی آماجگاہ بنتے جا رہے ہیں جس سے عام شہری شدید ذہنی اذیت اور مایوسی کا شکار ہیں۔ سرکاری افسران عوام کے خادم ہیں، ان پر مسلط ہونے کے لیے نہیں بیٹھائے گئے۔ عوام اپنے جائز اور قانونی کاموں کے لیے ایک دفتر سے دوسرے دفتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں اور غریب شہریوں کو بے جا رکاوٹوں اور تضحیک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کوئٹہ کے شہری پہلے ہی بنیادی سہولیات کی قلت کا شکار ہیں، سرکاری دفاتر کا عوام دشمن رویہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ دفاتر میں شفافیت، جوابدہی اور عوام دوست نظام کو یقینی بناتے ہوئے کرپٹ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔
