بلوچستان کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، صوبائی حکومت ناکام ہوچکی: جے یو آئی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیرو سینیٹر مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری آغا محمود شاہ نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے محافظ محمد زمان کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں کوئی بھی محفوظ نہیں رہا۔یہاں جاری ہونے والے اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں روزانہ لاشیں مل رہی ہیں اور صوبے کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے مستونگ کا المناک حملہ 8 اگست کی دردناک تاریخ کی تلخ یاد تازہ کر گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان کی بحالی میں مکمل ناکام ہوچکی ہے اور صرف بیانات تک محدود ہے، جبکہ پولیس کا نظام بھی مفلوج ہوچکا ہے۔ عوام تو درکنار، پولیس اہلکار بھی اپنی حفاظت سے عاجز ہیں۔جے یو آئی رہنماؤں نے کہا کہ زیارت، ہرنائی، مستونگ، خضدار، قلات سمیت پورا بلوچستان بدامنی کی لپیٹ میں ہے، بین الصوبائی شاہراہیں غیر محفوظ ہیں اور عوام، تاجر و ٹرانسپورٹرز شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امن و امان، شاہراہوں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو فوری یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔ جمعیت علما اسلام بلوچستان عوام کی مزید تباہی پر خاموش نہیں رہے گی اور ہر فورم پر بلوچستان کے عوام کی آواز بلند کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert