وزیراعظم “اپنا گھر” پروگرام میں درخواست دینے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم کے “اپنا گھر” پروگرام میں درخواست دینے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی ، ہاؤسنگ قرضے منظور کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے “وزیراعظم اپنا گھر پروگرام” کے تحت کمرشل بینکوں نے 160 ارب روپے مالیت کے ہاؤسنگ قرضے منظور کر لیے ہیں، جبکہ کامیاب درخواست گزاروں کو قرضوں کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے۔
وزیر خزانہ کے مشیر عدنان پاشا نے کراچی میں فرسٹ انٹرنیشنل انشورنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں تقریباً ایک کروڑ گھروں کی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا اور کم آمدنی والے خاندانوں کو رعایتی شرائط پر گھر کی ملکیت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت قرض 5 فیصد رعایتی مارک اپ پر دیا جا رہا ہے، جبکہ وزارتِ خزانہ شریک بینکوں کے ممکنہ قرض نقصان کا 10 فیصد تک بوجھ برداشت کر رہی ہے اور 10 سال تک مارک اپ سبسڈی بھی فراہم کر رہی ہے تاکہ ہاؤسنگ فنانس مزید سستا بنایا جا سکے۔
عدنان پاشا کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں 20 لاکھ الیکٹرک موٹرسائیکلیں متعارف کرانے کا منصوبہ بھی رکھتی ہے، پاکستان میں تقریباً 30 لاکھ رجسٹرڈ موٹرسائیکلیں سالانہ تقریباً 8 ارب ڈالر مالیت کا ایندھن استعمال کرتی ہیں، جس میں کمی کے لیے حکومت سبسڈی اور بلاسود فنانسنگ فراہم کر رہی ہے، تاہم پیداوار اور سپلائی کے مسائل بدستور موجود ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے حال ہی میں زرخیزی اسکیم بھی شروع کی ہے، جس کے تحت 21 بینکوں، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور سپارکو کے اشتراک سے کسانوں کو ڈیجیٹل زرعی قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس منصوبے میں سیٹلائٹ مانیٹرنگ اور ریئل ٹائم ڈیٹا کے ذریعے زرعی قرضوں کے استعمال کی نگرانی کی جائے گی تاکہ شفافیت اور مؤثریت کو یقینی بنایا جا سکے۔
