‘آزاد کشمیر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے’، رانا ثنا کا انتخابی جلسے سے خطاب

آزاد کشمیر(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے پارٹی قیادت کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کی عوام کے ساتھ بڑے انتخابی وعدے کیے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں کھوئی رٹہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا اور عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ پارٹی نے ہمیشہ نعروں کے بجائے عملی کارکردگی سے کام کر کے دکھایا ہے اور آئندہ بھی عوامی خدمت کا یہی سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام باشعور ہیں اور وہ اپنے روشن مستقبل کے لیے درست فیصلے کریں گے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے کر ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی کامیابی سے خطے میں ترقی کے ایک نئے دور کے آغاز کی امید دلاتے ہوئے آزاد کشمیر کی عوام سے اپیل کی کہ ترقی اور خوشحالی کے لیے ن لیگ کو کامیاب بنائیں۔

یاد رہے کہ میرپور ڈویژن میں پولنگ کا عمل انتخابات کے پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو شروع ہوگا۔ ریاست کی باقی دو ڈویژنز یعنی مظفرآباد اور راوالاکوٹ میں انتخابی عمل بالترتیب 2 اور 10 اگست کو ہوگا۔

اپنی انتخابی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے ن لیگ آج میرپور شہر میں بھی جلسہ کرنے جا رہی ہے۔

میرپور جلسے میں قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزراء انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔

اس موقع پر جلسہ گاہ کو مسلم لیگ (ن) کے پرچموں اور بینرز سے سجایا گیا ہے۔ صبح سے جاری بارش بھی تھم چکی ہے اور مطلع صاف اور خوشگوار ہونے سے جلسے کے شرکاء میں جوش و خروش بڑھ گیا ہے۔

ن لیگ نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز مظفرآباد سے کیا تھا جہاں نواز شریف اور مریم نواز شریف نے جلسہ میں بڑے اعلانات اور انتخابی وعدے کیے تھے۔

میرپور ڈویژن کے انتخابی اعداد و شمار
میرپور ڈویژن کل 13 انتخابی حلقوں پر مشتمل ہے، جن میں ضلع میرپور کے 4، ضلع بھمبر کے 3 جبکہ ضلع کوٹلی کے 6 حلقے شامل ہیں۔

الیکشن کے لیے میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 1 ہزار 439 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان میں 7 لاکھ 25 ہزار 811 مرد ووٹرز جبکہ 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

انتخابی عمل کے لیے ڈویژن بھر میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 3 ہزار 701 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

کانٹے دار مقابلے
حلقہ ایل اے-1 ڈڈیال میں مسلم لیگ (ن) کے وزیر حکومت اظہر صادق، پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وزیر افسر شاہد کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

حلقہ ایل اے-2 میرپور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید، آزاد امیدوار ظفر انور اور مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

اسی طرح حلقہ ایل اے-3 میرپور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وزیر حکومت یاسر سلطان کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر چوہدری محمد سعید سے ہوگا جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے تسلیم عارف آزاد امیدوار معیز مجید اور عمیر اصغر بھی بھرپور مقابلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں

حلقہ ایل اے-4 کھڑی شریف میں مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر حکومت چوہدری رخسار احمد اور پاکستان پیپلز پارٹی کے صہیب ارشد کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

WhatsApp
Get Alert