جدید ابلاغی سہولیات سے محروم علاقوں میں علاقائی اخبارات ہی خبر کا ذریعہ ہیں، رئیسہ عادل


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نو تعینات پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل نے کہا ہے کہ الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کی اپنی اہمیت اور مقام ہے، تاہم انٹرنیٹ اور کیبل کی سہولت سے محروم علاقوں میں علاقائی اخبارات ہی خبر اور معلومات کی فراہمی کا واحد ذریعہ ہیں۔ وفاقی دارالحکومت سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شائع ہونے والے علاقائی اور قومی اخبارات کی ناگزیر اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
وہ راولپنڈی اسلام آباد بیوروز جرنلسٹ ایسوسی ایشن (ربجا) کے صدر مرتضیٰ ملک، جنرل سیکرٹری فیاض چوہدری، چیئرمین سردار شوکت محمود، سینئر نائب صدر راحیل نواز سواتی اور نائب صدر احسن ناریجو کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کر رہی تھیں۔وفد نے نو تعینات پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل کو اہم ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ربجا کے وفد نے جڑواں شہر راولپنڈی اسلام آباد میں پاکستان کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے شائع ہونے والے اخبارات اور مختلف ٹی وی چینلز میں کام کرنے والے بیوروچیفس، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو درپیش فوری حل طلب مسائل سے پرنسپل انفارمیشن آفیسر کو آگاہ کیا۔وفد نے بقایا جات کی ادائیگی میں تاخیر کے باعث بیوروچیفس، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی میں درپیش مشکلات اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے معاشی مسائل سے بھی آگاہ کیا۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کو کلاسیفائیڈ اشتہارات کی بلنگ سے متعلق بروقت معلومات فراہم کرنے کا پابند کیا جائے، کیونکہ معلومات کی عدم فراہمی کے باعث کلاسیفائیڈ اشتہارات کی ادائیگیاں تاخیر کا شکار ہیں۔وفد نے کہا کہ ڈسپلے اشتہارات کی کم ادائیگی کے باعث زیادہ رقوم بقایا ہیں، جن کی مکمل ادائیگی کا اہتمام کر کے علاقائی اخبارات سے تعاون کیا جائے۔وفد نے مطالبہ کیا کہ پی آئی ڈی کے بلنگ سسٹم کو ڈیجیٹلائز کیا جائے تاکہ ہر بل کی مکمل معلومات ایک کلک پر دستیاب ہوں۔
وفد نے بلنگ اور ادائیگیوں کا نظام ترتیب وار بنانے کی تجویز بھی پیش کی اور کہا کہ پی آئی ڈی نمبر 1 کے بعد پی آئی ڈی نمبر 2 اور پھر پی آئی ڈی نمبر 3 کے بل کی تربیت وار ادائیگی کا نظام وضع کیا جائے تاکہ بلنگ نظام میں مزید شفافیت پیدا ہو اور اخبارات کو اپنے بقایا جات کے حوالے سے واضح اور بروقت معلومات دستیاب رہیں۔پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل نے وفد کو یقین دلایا کہ میڈیا کے حجم اور ضرورت کے مطابق اشتہارات کی منصفانہ تقسیم، علاقائی اخبارات اور ان سے وابستہ صحافیوں و میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔وفد نے رئیسہ عادل کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ حکومت اور صحافی برادری کے درمیان مو¿ثر پل کا کردار ادا کریں گی اور میڈیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔

WhatsApp
Get Alert