لاہور،شہری گھر کی بیسمنٹ میں کھڑا بارش کا پانی نکالتے ڈوب کر جاں بحق
واقعہ ڈیفنس فیز فائیو میں پیش آیا، گھر کی بیسمنٹ میں تقریباً 10 فٹ پانی جمع تھا جسے شہری نکالنے کی کوشش کر رہا تھا

لاہور(قدرت روزنامہ)صوبائی دارلحکومت لاہور میں شہری گھر کی بیسمنٹ میں کھڑا بارش کا پانی نکالتے ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز ہونیوالی موسلادھار بارش شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا کر دی، جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد رہائشی علاققوں اور اہم شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔
کئی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا، اسی صورتحال میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا جس میں گھر کی بیسمنٹ سے پانی نکالتے ہوئے ایک شہری جان کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ڈیفنس فیز فائیو میں پیش آیا، جہاں ایک شہری اپنے گھر کی بیسمنٹ میں جمع بارش کا پانی نکالنے کی کوشش کر رہا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ بیسمنٹ میں تقریباً 10 فٹ پانی جمع تھا، جس میں ڈوب کر شہری جاں بحق ہوگیا۔
بتایا گیا ہے کہ شہر میں ہونیوالی بارش سے شہر کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ کینٹ، ڈیفنس اور والٹن سمیت متعدد علاقوں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ کئی مقامات پر گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا،لاہور کینٹ میں موسلادھار بارش کے باعث سیوریج سسٹم جواب دے گیا جس سے علی ویو گارڈنز، علی پارک، نادرا آباد اور دیگر علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔
مقامی افراد کے مطابق بیشتر علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں دوسری جانب ڈیفنس فیز تھری کے اے، بی اور سی بلاکس میں بھی بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ والٹن روڈ اور کیولری گراؤنڈ میں سڑکیں مکمل طور پر زیر آب آگئیں۔ کیولری گراؤنڈ کی مرکزی شاہراہ بھی پانی میں ڈوب گئی جس کے باعث آمدورفت شدید متاثر رہی۔بارش کے بعد مین ڈیفنس روڈ پر بھی پانی جمع ہونے سے سڑک دریا کا منظر پیش کرنے لگی۔
