پنجاب آج سب سے آگے نکل چکا، صوبے کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، مریم نواز
پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی اور حکومت کی کوشش ہے صوبے کے ہر شہر، قصبے اور گلی محلے کو خواتین اور بچیوں کے لیے مزید محفوظ بنایا جائے؛ لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب آج گورننس، ترقی اور عوامی خدمت کے میدان میں ملک کے دیگر صوبوں سے آگے نکل چکا ہے اور پنجاب کی ترقی کا سفر اب کسی صورت نہیں رکے گا، صوبے کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی باہمت، باصلاحیت اور ہونہار بیٹیوں کو پولیس کی وردی میں دیکھ کر بے حد خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے، 40 ہفتوں پر مشتمل سخت تربیتی مرحلہ کامیابی سے مکمل کرنے والی خواتین افسران ناصرف اپنے خاندان بلکہ پورے صوبے کا فخر ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ان والدین کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے اپنی بیٹیوں پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں پولیس جیسے ذمہ دار شعبے میں آنے کی حوصلہ افزائی کی، آج خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور پنجاب حکومت ان کی ترقی، خودمختاری اور تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، پولیس کی وردی پہننا صرف اعزاز نہیں بلکہ ایک بہت بڑی ذمہ داری بھی ہے، جس کے لیے احساسِ فرض، دیانت داری اور عوامی خدمت کا جذبہ ضروری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے خواتین کی سہولت اور معاشی خودمختاری کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں، جن میں طالبات کے لیے سکوٹی اسکیم اور خواتین کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے اقدامات شامل ہیں، آج خواتین ٹیکسی چلا کر بھی باعزت روزگار حاصل کر رہی ہیں اور مختلف شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں، پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی اور حکومت کی کوشش ہے صوبے کے ہر شہر، قصبے اور گلی محلے کو خواتین اور بچیوں کے لیے مزید محفوظ بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے آئی جی پنجاب سے درخواست کی کہ خواتین کی پولیس میں بھرتی کا عمل مزید آسان اور سہل بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس شعبے میں شامل ہو سکیں، پولیس کے امور کی خود نگرانی کرتی ہوں اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، جس کے مثبت نتائج مستقبل میں سامنے آئیں گے، جدید نظام، مؤثر نگرانی اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے پنجاب پولیس کو مزید مضبوط اور عوام دوست ادارہ بنایا جا رہا ہے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر پاس آؤٹ ہونے والی خواتین افسران نے شاندار پریڈ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، تقریب میں شریک شہریوں نے بھی ان کی کارکردگی کو سراہا، وزیراعلیٰ نے تقریب کے شرکاء کی جانب ہاتھ ہلا کر خیرمقدم کیا اور پاس آؤٹ ہونے والی خواتین افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
