سیکیورٹی اقدامات مزید سخت، متاثرہ سیف سٹی کیمرے 7 سے 10 روز کے اندر مکمل طور پر فعال کر دیے جائیں گے
400 بازرز کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے خصوصی سیکیورٹی قافلے تشکیل، ڈرائیور سرکاری سیکیورٹی اسکواڈ کے بغیر سفر نہ کریں

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) سیکیورٹی حکام نے کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال، حساس تنصیبات کے تحفظ اور ضروری سامان خصوصا ایندھن کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔سیکیورٹی حکام نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت نصب نگرانی کیمروں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور متاثرہ کیمرے آئندہ 7 سے 10 روز کے اندر مکمل طور پر فعال کر دیے جائیں گے۔حکام کے مطابق حالیہ ہنگامہ آرائی کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں نصب متعدد سیف سٹی کیمرے متاثر ہوئے تھے، جن کی مرمت اور بحالی کا عمل جاری ہے۔ کیمروں کی مکمل بحالی کے بعد شہر کے اہم چوراہوں، شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات کی جدید نظام کے ذریعے نگرانی دوبارہ شروع ہو جائے گی۔سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ شہر اور صوبے میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تقریبا 400 بازرز کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے خصوصی سیکیورٹی قافلے تشکیل دے دیے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بازرز کو حساس شاہراہوں سے محفوظ طریقے سے منزل تک پہنچائیں گے۔حکام نے بازر ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سرکاری سیکیورٹی اسکواڈ کے بغیر سفر نہ کریں۔ تمام بازرز مقررہ وقت اور طے شدہ روٹس کے مطابق سیکیورٹی نگرانی میں روانہ کیے جائیں گے۔پریس بریفنگ میں کہا گیا کہ جدید نگرانی کے نظام، مشترکہ گشت، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور مربوط سیکیورٹی حکمت عملی کے ذریعے کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔سیکیورٹی حکام نے شہریوں، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری طبقے سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ سیکیورٹی ہدایات پر عمل کریں، مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔
