کراچی انٹربورڈ نے بارہویں جماعت کے نتائج جاری کر دیے


کراچی (قدرت روزنامہ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کے پری میڈیکل، آرٹس پرائیویٹ، ہوم اکنامکس اور خصوصی امیدواروں کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
اعلان کردہ نتائج کے مطابق پری میڈیکل گروپ میں بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی طالبہ حفصہ خان نے 1011 نمبرز حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ہدیٰ سرور 1007 نمبرز کے ساتھ دوسری اور آمنہ عزیز 1004 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔
پری میڈیکل گروپ میں مجموعی کامیابی کا تناسب 61.43 فیصد رہا۔ امتحانات میں 23 ہزار 7 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 14 ہزار 134 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ پری میڈیکل کی پہلی دو پوزیشنیں سرکاری کالج کی طالبات نے حاصل کیں۔

آرٹس پرائیویٹ گروپ میں رافعہ شعیب جالی والا نے 925 نمبرز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ الماس فاطمہ اور خانسا رضا نے 902، 902 نمبرز حاصل کرکے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس گروپ میں کامیابی کا تناسب 50.04 فیصد رہا۔
ہوم اکنامکس گروپ میں ازکی عمران نے 973 نمبرز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ گروپ میں کامیابی کا تناسب 52.47 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
خصوصی امیدواروں (آرٹس ریگولر) کے نتائج میں سید حماد علی نے 1004 نمبرز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس گروپ میں کامیابی کا مجموعی تناسب 95.87 فیصد رہا۔
کراچی انٹربورڈ کے مطابق نتائج بورڈ کی ویب سائٹ اور آفیشل اینڈرائیڈ ایپ پر جاری کر دیے گئے ہیں، جہاں طلبہ اپنے نتائج چیک کر سکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert