نوشکی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، خودکش بمبار سمیت 7 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں ایک خودکش بمبار سمیت 7 دہشتگرد مارے گئے۔
مسلح افواج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کی نگرانی کی گئی اور سکیورٹی فورسز نے فوری سرجیکل کارروائی کرتے ہوئے اسے تباہ کر دیا، ہلاک ہونے والوں میں خودکش بمبار سمیت بھارتی حمایت یافتہ تمام 7 دہشتگرد مارے گئے، اسلحے کا ذخیرہ اور دیسی ساختہ بارودی سرنگیں بھی تباہ کر دی گئیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کے خاتمے کیلیے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن عزم استحکام کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
