کوئٹہ، بلوچستان میں گزشتہ 8 ماہ سے ڈرائیونگ لائسنسوں کا اجرا معطل، شہری پریشان

ٹریفک پولیس کے بھاری چالان پر شہریوں کی وزیراعلی اور آئی جی پولیس سے نوٹس کی اپیل
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان بھر میں گزشتہ آٹھ ماہ سے ڈرائیونگ لائسنسوں کا اجرا مکمل طور پر بند ہے، جس کے باعث صوبے بھر کے ڈرائیوروں کو شدید ترین مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق، صوبے کے مختلف اضلاع میں ڈرائیونگ کے کوائف اور فزیکل ٹیسٹ لینے کا عمل تو باقاعدگی سے جاری ہے اور کاغذات متعلقہ ہیڈ آفس بھی ارسال کیے جا رہے ہیں، تاہم مصدقہ ذرائع سے انکشاف ہوا ہے کہ رواں سال جنوری سے تاحال ایک بھی نیا ڈرائیونگ لائسنس جاری نہیں کیا گیا ہے۔ اس صورتحال پر متعلقہ محکمے کے افسران بھی کوئی تسلی بخش وضاحت دینے سے قاصر ہیں۔لائسنسوں کی عدم دستیابی اور تاخیر کے باعث ایک طرف جہاں ہزاروں ڈرائیوروں کے لائسنس ایکسپائر ہو چکے ہیں، وہیں نئے لائسنس کے لیے اپلائی کرنے والے شہریوں کے کیسز بھی طویل التوا کا شکار ہیں۔ دوسری جانب، روڈز پر ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے کی صورت میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیوروں کے مسلسل بھاری چالان کیے جا رہے ہیں اور انہیں بلاوجہ جرمانوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس سے محنت کش طبقے اور عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔متاثرہ ڈرائیوروں اور شہریوں نے حکومتِ بلوچستان، وزیر اعلی بلوچستان اور آئی جی پولیس سے پرزور اپیل کی ہے کہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے، لائسنسوں کی بندش کی وجوہات کا تعین کر کے ان کی فراہمی کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے تاکہ عوام میں پھیلی ہوئی بے چینی اور اضطراب کا خاتمہ ہو سکے ۔

WhatsApp
Get Alert