سوات کے علاقے کبل میں دھماکا، 5 افراد شہید، 15 زخمی، اسسٹنٹ کمشنر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوات کے علاقے کبل میں دھماکا ہوا ہے، جس میں 5 افراد شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) مالاکنڈ سید فدا حسین نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کبل پولیس اسٹیشن کے گیٹ کے قریب دھماکا ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آور پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے حملہ آور کو روک لیا، حملہ آور نے گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ڈی آئی جی مالاکنڈ سید فدا حسین کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت مقامی نوجوانوں کا احتجاج بھی جاری تھا۔
ادھر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد عمر کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ سے ایک انسانی سر بھی ملاہے، انسانی سر مبینہ طور پر خودکش حملہ آور کا ہو سکتا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر کبل کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 5 افراد شہید ہوگئے جبکہ 15 زخمی ہیں۔
