آزادکشمیر انتخابات: دوسرے مرحلے میں خاتون سمیت 7 نئے امیدوار پہلی بار اسمبلی میں پہنچ گئے

مظفر آباد(قدرت روزنامہ)آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ایک خاتون سمیت 7 نئے چہرے پہلی مرتبہ اسمبلی کی رکنیت حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ان میں مظفرآباد ڈویژن سے 2 جبکہ مہاجرین مقیم پاکستان کی نشستوں سے 5 امیدوار شامل ہیں، جنہوں نے پہلی بار انتخاب جیت کر اسمبلی تک رسائی حاصل کی۔
حلقہ ایل اے 29 مظفرآباد سٹی سے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار مختار خان نے سابق وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی کو شکست دے کر پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی کی نشست اپنے نام کی۔
ایل اے 31 کھاوڑہ مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ثاقب مجید راجا نے قائم مقام صدر ریاست چوہدری لطیف اکبر کو شکست دی ہے۔
مہاجرین کی نشست ایل اے 36 جموں 3 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد احسن رضا اور ایل اے 37 جموں 4 سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار مریم جاوید بھی پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
اسی طرح ایل اے 38 جموں 5 سے مسلم لیگ (ن) کے ذیشان علی اور ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد عامر شاہ نے بھی پہلی بار انتخاب جیت کر اسمبلی میں جگہ بنالی ہے۔
ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد یاسین لون نے سابق وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ اسمبلی کی رکنیت حاصل کی۔
