پاکستان کے احسان محسود نے تھائی لینڈ میں تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کا گولڈ میڈل جیت لیا

تھائی لینڈ(قدرت روزنامہ)پاکستان کے لیے ایک اور بڑا اعزاز، جہاں قومی کھلاڑی احسان محسود نے تھائی لینڈ میں منعقدہ تائیکوانڈو چیمپیئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
احسان محسود نے ایونٹ کے ابتدائی مرحلے میں قازقستان کے حریف کو شکست دے کر کامیاب آغاز کیا، جبکہ سیمی فائنل میں انہوں نے بھارت کے کھلاڑی کو زیر کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔
فائنل میں پاکستانی کھلاڑی نے سری لنکا کے حریف کو شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا اور بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند کر دیا۔
کامیابی کے بعد احسان محسود نے گولڈ میڈل کو اللہ تعالیٰ کے فضل، والدین کی دعاؤں اور پاکستانی عوام کی محبت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اپنی فتح پوری قوم کے نام کر دی۔
احسان محسود کی شاندار کامیابی پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جبکہ کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقین نے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس کامیابی کو نوجوان نسل کے لیے باعثِ فخر اور حوصلہ افزا قرار دیا۔
