پاکستان اور امریکا کا دہشت گردی کے مشترکہ خطرات سے نمٹنے کا عزم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی مذاکرات کا چوتھا دور واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے دہشت گردی کے مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں دونوں ممالک نے علاقائی اور عالمی دہشت گردی کے خطرات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مذاکرات میں امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ دہشت گردی گریگوری لوگیرفو اور پاکستان کے خصوصی سیکرٹری خارجہ سفیر نبیل منیر نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مفادات اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستانی اور امریکی وفود نے دہشت گردی کے موجودہ خطرات کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا۔ دونوں ممالک نے انسدادِ دہشت گردی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا اور مسلسل رابطوں و تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان کے مطابق مذاکرات میں سرحدی سلامتی مزید مضبوط بنانے اور دہشت گردوں کے سہولت کار نیٹ ورکس کو توڑنے کے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک نے کثیرالجہتی فورمز پر انسدادِ دہشت گردی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
مذاکرات میں داعش خراسان، القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان اور بلوچستان لبریشن آرمی سمیت دہشت گرد تنظیموں سے لاحق خطرات سے نمٹنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک نے دہشت گردی کے مشترکہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکا نے اپنے شہریوں کے تحفظ، خطے کے استحکام، علاقائی امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے دیرپا انسدادِ دہشت گردی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں حکومتوں نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
