پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کر لیا گیا۔
مسلح افواج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جمہوریہ صومالیہ کے وزیر دفاع احمد معلم فقی کی زیر قیادت اعلیٰ سطحی وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلیے عسکری سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ صومالیہ کے وزیر دفاع نے پاکستان کی حمایت اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے صومالیہ کے سکیورٹی نظام کو مضبوط بنانے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام میں صومالیہ کی معاونت کیلیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
