دفاعی معاہدہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت دفاع کے حق کی توثیق کرتا ہے، ترک صدر رجب طیب اردوان


انقرہ (قدرت روزنامہ)ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو خطے میں سلامتی، دفاعی تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں صدر اردوان نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی دعوت پر مکہ مکرمہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔اس موقع پر تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے، جو اجتماعی دفاعی صلاحیت اور باہمی تعاون کی بنیاد پر سکیورٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھائے گا۔یہ معاہدہ دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبوں کی ترقی، دفاعی تعاون میں وسعت اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ معاہدہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت دفاع کے حق کی بھی توثیق کرتا ہے، تاہم یہ کسی ملک کے خلاف نہیں اور خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے خواہاں تمام برادر ممالک کی شمولیت کے لیے کھلا ہے۔علاقائی ذمہ داری کے وژن کے تحت ترکیہ بین الاقوامی قانون کے احترام اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات اور بحرانوں کے حل کے لیے اپنے اصولی مؤقف پر ثابت قدم رہے گا۔
صدر اردوان نے دعا کی کہ ان کا دورہ، مشاورت اور طے پانے والا دفاعی معاہدہ پورے خطے کے لیے باعثِ خیر و برکت ثابت ہو۔

WhatsApp
Get Alert