میر رضا کے دوسرے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی، گولی پیچھے سے لگی

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا علی کے دوسرے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کی تفصیلات جیو نیوز نے حاصل کرلیں۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر رضا کو گولی پیچھے سے لگی تھی، میر رضا کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے، میر رضا علی کی پسلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں، سر اور چہرے پر زخموں کے متعدد نشانات پائے گئے، جسم پر کالے دھبے بھی تھے۔

رپورٹ کے مطابق میر رضا کے پاؤں پر بھی زخم کے نشان ہیں، جسم کے نچلے حصے کے ٹشوز پر بھی خون کے دھبے ہیں، رپورٹ میں میر رضا کی دائیں ران پر تقریباً 12 سینٹی میٹر طویل فریکچر اور زخم کی نشاندہی ہوئی ہے۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر رضا کے جبڑے کے حصے میں گہری چوٹ اور فریکچر کے شواہد ملے ہیں، ناک کی ہڈی اور چہرے کے مختلف حصوں پر بھی چوٹیں پائی گئیں۔

چھٹی پسلی کے فریکچر سمیت سینے کے حصے میں متعدد شدید چوٹوں کے شواہد ملے، زخم موت سے قبل لگنے والی چوٹوں کے زمرے میں آتے ہیں۔

میر رضا کی قبر کشائی کےعمل کے بعد سے میڈیکل ٹیم پولیس سرجن آفس میں موجود تھی، میر رضا علی کے والد اور وکیل جبران ناصر بھی پولیس سرجن آفس میں موجود تھے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) سمیع اللّٰہ سومرو کا کہنا ہے کہ میر رضا کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ سے آگاہ نہیں کیا گیا، رپورٹ سے متعلق اب تک رابطہ نہیں کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert