عمران خان کو ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے ہسپتال لائے جانے کی اطلاعات


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے ہسپتال لائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صحافی صدیق جان نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہائی بلڈ پریشر کے باعث پمز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور وہ اس خبر کی مکمل ذمہ داری لیتے ہیں، اگر عمران خان کی بہنوں کی جانب سے آئندہ دو، تین روز میں اس خبر کی تصدیق نہیں کی جاتی تو وہ دونوں ذرائع کے نام سامنے لانے پر غور کر سکتے ہیں، تاہم فوری طور پر ذرائع ظاہر کرنا مناسب نہیں کیونکہ اس سے مزید معلومات حاصل ہونے کا سلسلہ متاثر ہوسکتا ہے۔

ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ بعض ٹوئٹر اکاؤنٹس کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عمران خان کو بلڈ پریشر کی وجہ سے پمز ہسپتال منتقل کیے جانے کی خبر غلط ہے اور یہ خبر انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے فراہم کی گئی ہے، اس خبر کے دو ذرائع ہیں اور وہ پہلے ہی اپنے وی لاگ میں اس حوالے سے تفصیل بیان کر چکے ہیں، اگر عمران خان کی بہنوں کی جانب سے آئندہ دو، تین روز میں اس خبر کی تصدیق نہیں کی جاتی تو وہ دونوں ذرائع کے نام سامنے لانے پر غور کر سکتے ہیں۔
صدیق جان نے مزید کہا کہ ان کے اس بیان کو محفوظ کرلیا جائے تاکہ مستقبل میں اس کی بنیاد پر خبر کی تصدیق کی جاسکے، عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں کو متنازع بنانا اب ایک معمول بنتا جا رہا ہے، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے، کم از کم پی ٹی آئی قیادت اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت کو عمران خان کے اہلخانہ کے ساتھ بیٹھ کر ان کی صحت کے حوالے سے ایک مشترکہ اور واضح موقف اختیار کرنا چاہیے۔

انہوں نے ماضی میں عمران خان کی آنکھ سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی بعض حلقوں کی جانب سے صحت سے متعلق خبر کو انٹیلی جنس اداروں کی اطلاعات قرار دیا گیا تھا، تاہم بعد میں آنکھ کی بیماری کی شدت سامنے آئی، عمران خان کی صحت کے معاملے پر سیاسی اختلافات اور اندرونی کشمکش کو اس حد تک نہیں پہنچنا چاہیے کہ ان کی زندگی اور صحت سے متعلق اہم معاملات پر بھی متعلقہ سیاسی قیادت ایک دوسرے سے مشاورت نہ کرے، عمران خان کی صحت کے معاملے پر اب واضح، ذمہ دارانہ اور مشترکہ موقف سامنے آنا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert