میر رضا کیس میں حقائق سامنے لانے والوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبران ناصر

کراچی (قدرت روزنامہ)نوجوان میر رضا کے والد رضا میر کے وکیل جبران ناصر نے کہا ہے کیس کے حقائق سامنے لانے والوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
میر رضا کیس کے لیے قائم نئی تفتیشی ٹیم اجلاس آج ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن عامر فاروقی کی زیر صدارت ہوا جہاں میر رضا کے والدین، بہن اور وکیل جبران ناصر بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد میر کے والد کے وکیل جبران ناصر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 11 دنوں میں جس سرکاری افسر نے اپنا کام کیا، تنقید اسی پر ہو رہی ہے، میر رضا کیس میں حقائق سامنے لانے والوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ڈاکٹر سمیہ کو تنقید کا نشانہ بنانا ناانصافی ہے۔
جبران ناصر نے کہا کہ میڈیکل بورڈ عدالت کے حکم پر قائم کیا گیا، چند افراد نے جلد بازی میں کیس کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کی، سندھ حکومت نے اپنی غلطی کی اصلاح کی اور تحقیقات کا رخ درست کیا، حکومت نہیں بلکہ غلط مؤقف اختیار کرنے والے افراد ناکام ہوئے ہیں، حقائق سامنے آنے کے بعد قتل کے شواہد کو تسلیم کیا گیا۔
اس کے علاوہ میر رضا کے والد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیس میں آج کی پیشرفت سے کچھ اطمینان ملا ہے، اگر حقائق پہلے سامنے آ جاتے تو شاید قبر کشائی کی ضرورت پیش نہ آتی تاہم کیس اب ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور امید ہے کہ بیٹے کو انصاف ملے گا۔
نئی تحقیقاتی ٹیم کو مؤقف سے آگاہ کر دیا ہے، آئندہ 3 سے 4 دن میں تحقیقات کے نتائج سامنے آسکتے ہیں، ہمیں انتظار ہے نئی تحقیقاتی ٹیم کیا نتائج سامنے لاتی ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ میر رضا کیس حساس ہے، پولیس اور سندھ حکومت کا مقصد اس کیس کو ٹھیک طریقےسےحل کرنا ہے، کیس میں ابہام زیادہ میڈیکل لیگل رپورٹ رپورٹ کی وجہ سے ہوا، پہلےایک ڈاکٹر نے رپورٹ کوئی اور دی تھی۔
آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ تحقیقات کے لیےنئی کمیٹی بنائی گئی ہے، جس پر عوام کا اعتماد بحال ہو، نئی تحقیقاتی ٹیم کو کہا کہ متاثرہ خاندان اور میڈیا کے ساتھ کمیونی کیشن اوپن رکھیں۔
