تحریک انصاف ایک پرامن سیاسی جماعت ہے، دہشتگردی پر یقین نہیں رکھتی، بیرسٹرگوہر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے راولپنڈی میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی شفاف، منصفانہ اورغیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

بیرسٹرگوہرنے کہا ہے کہ دہشتگردی ملک کیلئے ناسور ہے اور اسے ہرصورت ختم ہونا چاہیے، تحریک انصاف ایک پرامن سیاسی جماعت ہے اوردہشتگردی پر یقین نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا کہ کسی دہشتگرد کا پی ٹی آئی، اس کی قیادت یا پارٹی کے کسی ونگ سے کوئی تعلق نہیں، دہشتگردی کے واقعات ملک کے امن اوراستحکام کیلئے سنگین خطرہ ہیں، اس لیے ان کے ذمہ دارعناصرکوقانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی میں پیش آنے والے واقعے کی مکمل اورغیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران کسی بھی سیاسی جماعت یا گروہ کو بلاجواز مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے شواہد اور حقائق کو بنیاد بنایا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ واقعے میں جو بھی ذمہ دار ہو، اسے قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے حساس نوعیت کے معاملات پر غیر ذمہ دارانہ بیانات اور قیاس آرائیوں سے گریز کرنے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کا قیام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

شفاف تحقیقات کے ذریعے نہ صرف ذمہ داروں کا تعین کیا جائے بلکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بھی عملی اقدامات کیے جائیں۔

WhatsApp
Get Alert