سوراب واقعے پر بی این پی کا اظہارِ تشویش، شفاف تحقیقات کے لیے بااختیار کمیشن کے قیام کا مطالبہ؛ 16 اگست کو بلوچستان بھر میں احتجاج کا اعلان

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے سوراب میں پیش آنے والے دلخراش واقعے پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر معصوم بچوں اور خواتین کی جانیں ضائع ہوئی ہیں، ایسے واقعات نے بلوچستان کے عوام کو شدید ذہنی اذیت اور خوف میں مبتلا کر دیا ہے‘ آئے روز بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات سے عوام تنگ آچکے ہیں، حکومت کو اب محض بیانات اور الزامات کے بجائے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے ہر واقعے کے بعد حکومت کی جانب سے فوری طور پر ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کو ذمہ دار قرار دے دیا جاتا ہے، لیکن عوام کے سامنے واقعے کے اصل حقائق نہیں لائے جاتے۔ بی این پی مطالبہ کرتی ہے کہ سوراب کے واقعے سمیت ایسے تمام واقعات کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لیے بااختیار کمیشن قائم کیا جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سنیئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ، اختر حسین لانگو، میر مقبول احمد لہڑی، موسیٰ جان بلوچ، غلام نبی مری اور دیگر رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فوری طور پر معاوضہ اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں اور خواتین کا جاں بحق ہونا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ بلوچستان کے عوام مزید بے یقینی، خوف اور بدامنی کی صورتحال برداشت نہیں کرسکتے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو تحفظ فراہم کرے اور واقعات کی وجوہات و محرکات قوم کے سامنے لائے۔رہنماؤں نے اعلان کیا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی سوراب واقعے کے خلاف 16 اگست کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ انہوں نے خضدار میں جاری دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مطالبات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔
