وائٹ ہاؤس کا چین کی جانب سے امریکی ٹیرف سے بچنے کیلئے بڑے پیمانے پر تجارتی دھوکہ دہی کا الزام


واشنگٹن(قدرت روزنامہ)وائٹ ہاؤس نے چین کی جانب سے امریکی ٹیرف سےبچنے کیلئے بڑے پیمانے پر تجارتی دھوکہ دہی کا الزام عائد کردیا۔
رپورٹ کے مطابق چینی اشیا بھارت اوراسرائیل سمیت 40 سے زائد ممالک کے ذریعے امریکا لائی جاتی ہیں تاکہ ان پر ٹیرف عائد نہ کیا جاسکے اور اسطرح 300 ارب ڈالر تک بچائے جارہے ہیں۔ صدرٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر رپورٹ شیئر کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جن ممالک سے چینی اشیا کی امریکا غیرقانونی ترسیل کی جاتی ہے ان میں پاکستان شامل نہیں۔
دوسری جانب چینی حکام اور ماہرین نے دھوکے سے تجارت کرنے کا امریکی الزام مسترد کردیا۔
چینی حکام نے کہا کہ کمپنیاں اپنی پیداوار متنوع کریں تو یہ عالمی سپلائی چین میں عام تبدیلی ہے جسے ٹیرف سے بچنے کا رنگ دینا مناسب نہیں۔
انہوں نےکہا اصل سوال یہ ہےکہ آیا کمپنیوں نے مقام آغاز غلط بتایا یا مقام آغاز سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی یا نہیں۔
واشنگٹن ڈی سی میں چینی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا کہ ترسیل کردہ اشیا پر یکطرفہ اقدامات کے ذریعے تھرڈ پارٹی مفادات کو ہدف نہیں بنانا چاہیے۔
ترجمان نے کہا ٹیرف اور تجارتی جنگیں فاتح پیدا نہیں کرتی ، بیجنگ چینی اشیا کو دبانے کیلئے قومی سلامتی کا جواز پیش کیاجانا اور یکطرفہ ٹیرف مستردکرتا ہے۔ ضرورت پڑی تو چین اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے گا۔

WhatsApp
Get Alert