گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں آج اہم پیشرفت کا امکان


کراچی(قدرت روزنامہ) گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان آج اہم مذاکرات ہوں گے جس میں مثبت پیشرفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ آج دن 3 بجے وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور سندھ حکومت کے نمائندوں سے گورنر ہاؤس میں مذاکرات ہوں گے۔ گورنر سندھ، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ و دیگر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ 9 دن سے ہماری پر امن ملک گیر ہڑتال جاری ہے، پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز احتجاج پر ہیں، امید کرتا ہوں بہت جلد ہمارے مسائل حل ہوں گے اور ٹرانسپورٹ کا پہیہ چلنا شروع ہو جائے گا۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز پر امن رہیں کیونکہ بہت جلد خوشخبری ملے گی، تاہم مطالبات کی منظوری تک ہماری پر امن ملک گیر ہڑتال جاری رہے گی جبکہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانی میں نہیں آئیں گے۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس سندھ میں آج حکومت سے اہم مذاکرات کے دوران بریک تھرو کی امید ہے۔

محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم آج کے مذاکرات سے پرامید ہیں، امید ہے حکومت ہمارے جائز اور قانونی مطالبات تسلیم کرے گی اور مذاکرات میں بریک تھرو ہوگا۔ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم کیے تو ٹرانسپورٹرز کو خوشخبری سنائیں گے، مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے ہم اپنی پوری ذمہ داری ادا کریں گے۔

محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے واضح کیا کہ اگر حکومتی وفد نے صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلانے کی کوشش کی تو ہڑتال جاری رہے گی اور ہم مزید 10 روز بھی ہڑتال جاری رکھ سکتے ہیں۔ ہمیں ہڑتال ختم کرنے کی کوئی جلدی نہیں، ہمارا مقصد صرف اپنے جائز اور قانونی مطالبات کی منظوری ہے۔

محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز متحد ہیں، حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، ہم بھی مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

WhatsApp
Get Alert